وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی چڑی کوٹ سیکٹر میں جوانوں کے ساتھ عید، پاک فوج کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین

05:05 PM, 28 May, 2026

مظفر آباد / چڑی کوٹ :وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے عید کا تہوار لائن آف کنٹرول (LoC) پر چڑی کوٹ سیکٹر میں دفاعِ وطن پر مامور پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر انہوں نے ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے پاک فوج کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور جوانوں کے بلند حوصلے اور خدمات کو قومی فخر قرار دیا۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق "آپریشن بنیانِ مرصوص" میں پاک افواج کی تاریخی کامیابی دشمن کے لیے ایک واضح اور واشگاف پیغام ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا آپریشن بنیانِ مرصوص ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، اور پوری قوم کو افواجِ پاکستان کے جذبۂ ایثار، جرات اور حب الوطنی پر بے پناہ فخر ہے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ایل او سی پر جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد ہر صورت اور ہر قیمت پر جاری رہے گی، اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا خاتمہ ہوگا اور آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔

مزیدخبریں