عمران خان کہیں گے تو اسمبلیاں توڑنے میں ایک منٹ کی دیر نہیں ہو گی: وزیراعلیٰ پنجاب

عمران خان کہیں گے تو اسمبلیاں توڑنے میں ایک منٹ کی دیر نہیں ہو گی: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے سابق وزیراعظم عمران خان کے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کہیں گے تو اسمبلیاں توڑنے میں ایک منٹ کی دیر نہیں ہو گی۔ 
تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو بیان میں پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ پنجاب حکومت عمران خان کی امانت ہے، ہم وضع دار ہیں جس کے ساتھ چلتے ہیں، اس کا ساتھ نہیں چھوڑتے، عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا کہیں گے تو ایک منٹ کی دیرنہیں ہوگی، استعفے دئیے تو شہبازشریف کی 27 کلومیٹر کی حکومت 27 گھنٹے بھی نہیں چل سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عمران خان کو نئی زندگی عطا کی ہے، راولپنڈی جلسے میں عمران خان کی سیاسی حکمت عملی فیصلہ کن راو¿نڈ میں داخل ہو گئی، صوبائی اسمبلیوں سے استعفے آتے ہی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جعلی اتحاد بھی منتشر ہو جائے گا۔ 
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شعبدہ باز جھوٹ بولنے سے باز ہی نہیں آ رہے، انتخابات میں ان کے ساتھ وہ ہو گا کہ ان کی پشتیں بھی یاد رکھیں گی، پاکستان میں دین کی حکمرانی ہو گی اور عام اورغریب آدمی اوران کے بچوں کوفائدہ پہنچانے والے کام کئے جائیں گے۔ 
خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی کے جلسے سے خطاب میں کہا تھاکہ تمام اسمبلیوں سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے اور جلد مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں