انتظامات بہتر، مگر شفافیت اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں برقرار:فافن کی ضمنی انتخابات پر رپورٹ

05:27 PM, 28 Nov, 2025

اسلام آباد:فافن (فیئر اینڈ فری الیکشن نیٹ ورک) نے 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کرتے ہوئے انتخابی انتظامات کو مجموعی طور پر بہتر قرار دیا ہے، تاہم انتخابی مہم کی خلاف ورزیوں، کم ووٹر ٹرن آؤٹ اور نتائج میں شفافیت کے خلا پر تشویش ظاہر کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں ضمنی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ غیر معمولی طور پر کم رہا اور زیادہ تر حلقوں میں یہ شرح 50 فیصد سے بھی کم ریکارڈ کی گئی۔ فافن نے انتخابات کے دوران 122 مبصرین تعینات کیے جنہوں نے مجموعی طور پر 373 پولنگ اسٹیشنز کا مشاہدہ کیا۔

فافن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی متعدد خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی، جن میں سیاسی جماعتوں کے کیمپس کا پولنگ اسٹیشنز کے بالکل قریب قائم ہونا اور 49 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی نقل و حرکت میں سیاسی کارکنوں کی غیر ضروری مداخلت شامل ہیں۔ رپورٹ میں 16 پولنگ اسٹیشنز کے اندر انتخابی مواد کی موجودگی، خواتین، بزرگ اور معذور ووٹرز کے لیے غیر یکساں انتظامات اور معاون عملے کی جانب سے بیلٹ پیپرز پر پیشگی دستخط یا اسٹیمپ لگانے جیسے معاملات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

فافن کے مطابق 6 پولنگ اسٹیشنز پر فارم 45 پولنگ ایجنٹس کو فراہم نہیں کیا گیا جبکہ 43 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر نتائج کے فارم پر ایجنٹس کے دستخط نہیں لیے گئے۔ اسی طرح 13 پولنگ اسٹیشنز پر مبصرین کو بھی فارم 45 فراہم نہیں کیا گیا۔

رپورٹ میں سیاسی جماعتوں پر زور دیا گیا ہے کہ انتخابی قوانین میں ضروری اصلاحات لاتے ہوئے انتخابی عمل کو مزید شفاف اور قابلِ اعتماد بنایا جائے، جبکہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کر دیے ہیں۔

مزیدخبریں