لاہور اور پنجاب میں فضائی آلودگی کی شدت برقرار، شہریوں کو ماسک پہننے کی ہدایت

09:25 AM, 28 Oct, 2025

لاہور :  لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی شدت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آج بھی پہلے نمبر پر ہے۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) صبح کے وقت 410 ریکارڈ کیا گیا، جس کے ساتھ اوسط شرح 329 تک پہنچ چکی ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں ساندہ روڈ کا ایئر کوالٹی انڈیکس 767، ٹاؤن شپ 758، ماڈل ٹاؤن 574، علامہ اقبال ٹاؤن 511 اور گلبرگ تھری 390 ریکارڈ کیا گیا۔ فیصل آباد میں 622، ملتان میں 485 اور بہاولپور میں 255 کی سطح پر پارٹیکیولیٹ میٹرز کی مقدار دیکھنے کو ملی ہے۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو شدید فضائی آلودگی سے بچاؤ کے لیے ماسک کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین کے مطابق، کم ہوا کی رفتار اور کم درجہ حرارت کی وجہ سے آلودہ ذرات زمین کے قریب جمع ہو رہے ہیں، جس سے دھند اور حدِ نگاہ میں کمی ہو رہی ہے۔ خاص طور پر رات اور صبح کے اوقات میں آلودگی کی شدت سب سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

فضائی آلودگی کے عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق، دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دوسرے، بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکا تیسرے اور بھارتی شہر کلکتہ چوتھے نمبر پر ہیں۔ کراچی بھی 165 اے کیو آئی کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

حکام کی جانب سے فضائی آلودگی کے اثرات کم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 16 مکینیکل واشرز اور 50 واشر رکشے سموگ کے خاتمے کے لیے میدان میں ہیں۔ سڑکوں کی صفائی اور پانی چھڑکاؤ کے لیے 400 اہلکار دن اور رات کی شفٹوں میں تعینات ہیں۔

پنجاب پولیس نے بھی سموگ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جس دوران مختلف اضلاع میں 14 مقدمات درج کیے گئے اور 115 افراد پر جرمانے عائد کیے گئے۔ پولیس نے فصلوں کی باقیات جلانے، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور صنعتی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے اور حفاظتی ماسک کے استعمال کی ہدایت کی ہے تاکہ صحت کے خطرات سے بچا جا سکے۔

فضائی آلودگی کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے مزید جامع اور طویل مدتی اقدامات کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں