وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی زندگی کی 52 بہاریں دیکھ لیں

11:31 AM, 28 Oct, 2025

لاہور :  سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی زندگی کی 52 بہاریں دیکھ لیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام ملک بھر میں سالگرہ کی تقریبات منعقد کی جائیں گی اور کیک کاٹے جائیں گے۔

مریم نواز 28 اکتوبر 1973ء کو پیدا ہوئیں اور ان کی شادی 1992ء میں کیپٹن (ر) صفدر سے ہوئی۔ انہوں نے 2013ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کی قیادت کی اور اس کے بعد ہی ان کا سیاسی سفر شروع ہوا۔ مریم نواز کی محنت اور کامیاب مہم کے نتیجے میں ان کے والد میاں نواز شریف ملک کے تیسرے بار وزیر اعظم منتخب ہوئے۔

مریم نواز نے نہ صرف سیاسی میدان میں خود کو منوایا بلکہ خواتین کے حقوق اور بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے بھی نمایاں کام کیا ہے۔ ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے برطانوی نشریاتی ادارے نے نواز شریف کے دور اقتدار میں انہیں دنیا کی 100 بااثر سربراہان مملکت کی بیٹیوں میں شامل کیا۔

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے مریم نواز کو سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ "پنجاب کی عوام کی خدمت کرنے پر مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہیں"۔ عظمیٰ بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مریم نواز کی عوامی خدمات پر مبنی ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ کی صحت، لمبی زندگی اور عوام کی خدمت کے مزید مواقع کے لیے دعا کی۔

مزیدخبریں