پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال، اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی پر توجہ:وزیراعظم شہباز شریف

06:50 PM, 28 Oct, 2025

ریاض : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور ملک کی ترقی کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھ رہے ہیں اور معیشت کے استحکام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کرکے اسے مکمل ڈیجیٹائزڈ کیا گیا ہے جس سے کرپشن میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ملک میں جدید ٹیکنالوجی، خاص طور پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کے حصول اور اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے زرعی شعبے میں جدت اور ترقی کے لیے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانے اور چین سے تربیت دلوانے کے اقدامات کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو فنی تعلیم دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے ترقی کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے ملک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سیلاب اور بادل پھٹنے جیسی قدرتی آفات کا سامنا رہتا ہے، جس سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوتا ہے اور بحالی کے لیے زیادہ فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل قرضوں سے معیشت کمزور پڑتی ہے، اس لیے دنیا کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی بجائے خود انحصاری کو ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور ملک کی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور سعودی ولی عہد کے وژن کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں