حسن نصراللہ کی پہلی برسی ، ہم اپنے ہتھیار کبھی نہیں چھوڑیں گے ، حزب اللہ کا اعلان

02:33 PM, 28 Sep, 2025

بیروت :  حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے اپنے پیشرو حسن نصراللہ کی پہلی برسی کے موقع پر کہا ہے کہ حزب اللہ کسی صورت اپنے ہتھیار نہیں ڈالے گی اور شہادت کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

نعیم قاسم نے بیروت کے نواح میں ہزاروں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "ہم کبھی اپنے ہتھیار نہیں چھوڑیں گے، یہ ہمارا حق ہے اور ہم اسے مضبوطی سے برقرار رکھیں گے۔" ان کے خطاب کے دوران شرکاء نے حزب اللہ کے زرد پرچم، لبنانی، فلسطینی اور ایرانی جھنڈے لہراتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

اس موقع پر ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی بھی موجود تھے، جو ایران کی حزب اللہ کے لیے حمایت کی اہم علامت ہیں۔ حزب اللہ نے حسن نصراللہ اور نائب ہاشم صفی الدین کی تصاویر بیروت کے مشہور راوشے راک پر پروجیکٹ کیں، حالانکہ حکومت کی جانب سے اس کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

لبنانی صدر جوزف عون نے کہا کہ ملک کی بقا ایک متحدہ ریاست، ایک فوج اور آئینی اداروں کی حفاظت سے ممکن ہے، جو خودمختاری اور وقار کا ضامن ہوں۔

ادھر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے لبنان کی حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی کوششوں کو سراہا، لیکن کہا کہ الفاظ کے ساتھ عمل بھی ہونا چاہیے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اسرائیل نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو جنوبی بیروت میں ایک فضائی حملے میں شہید کر دیا تھا، جس کے بعد سے علاقائی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

مزیدخبریں