کراچی: امریکی بحری جہاز یو ایس ایس وین ای میئر کا دو روزہ دورۂ پاکستان خوش اسلوبی سے مکمل ہو گیا۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا اور خطے میں بحری سلامتی و استحکام کو فروغ دینا تھا۔
دورے کے دوران امریکی بحری جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے کمانڈر پاکستان فلیٹ، ریئر ایڈمرل عبدالمُنیب سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پیشہ وارانہ تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں بحری افواج کے اہلکاروں نے مشترکہ تربیتی سیشنز، کھیلوں کے مقابلوں اور ایک دوسرے کے جہازوں کے دوروں میں حصہ لیا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد باہمی اعتماد کو فروغ دینا اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری لانا تھا۔
امریکی نیوی کا یہ دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اور امریکہ خطے میں بحری سلامتی، مشترکہ مفادات اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس اقدام سے دونوں ممالک کی بحریہ کے درمیان موجود دیرینہ تعاون کو نئی توانائی ملی ہے۔