لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، جدید زرعی و گرین ٹیکنالوجی، تعلیم، فنی تربیت، ماحولیاتی تبدیلی اور حالیہ سیلاب سے متعلق حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے جرمنی کی جانب سے حالیہ سیلاب کے بعد اظہارِ یکجہتی اور بروقت تعاون کو سراہا اور کہا کہ ماحولیاتی تحفظ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان کا دیرینہ شراکت دار ہے جو ویمن ایمپاورمنٹ، سماجی تحفظ اور انسانی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بتایا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان نومبر میں ہونے والے G2G مذاکرات دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ "میرا وژن ایک خوشحال اور جدید پنجاب ہے جہاں ہر شہری بااختیار ہو، اور جرمنی اس سفر میں ہمارا مضبوط ساتھی بن سکتا ہے۔"
انہوں نے جرمنی کے ڈوئل ووکیشنل ٹریننگ ماڈل پر تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہنر مند افرادی قوت کے تبادلے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ سال 2024 میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان دو طرفہ تجارت 3.63 بلین امریکی ڈالر رہی، اور پاکستان کا تجارتی توازن مثبت رہا۔ اس وقت 40 سے زائد جرمن کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں، جو مقامی روزگار اور معاشی مواقع پیدا کر رہی ہیں۔
سیلاب کی تباہ کاریوں پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ تین دریاؤں میں بیک وقت اونچے درجے کے سیلاب اور تین ماہ کی مسلسل بارشوں نے پنجاب کو متاثر کیا، تاہم حکومت پنجاب کی بروقت کارروائیوں سے لاکھوں جانیں بچائی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2.2 ملین مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جب کہ متاثرین کو خوراک، رہائش، طبی سہولیات اور ویٹرنری امداد فراہم کی گئی۔
ملاقات میں تعلیم کے فروغ، جرمنی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ، نصاب میں جدت، اور اسپورٹس ایکسچینج پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے جرمن سکالر این میری شمل کو خراجِ تحسین پیش کیا اور حال ہی میں جرمن جونیئر ہاکی ٹیم کے دورہ لاہور کا ذکر کرتے ہوئے کھیلوں کے فروغ میں مزید تعاون کی خواہش ظاہر کی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب میں واسا کا دائرہ کار 4 اضلاع سے بڑھا کر 23 اضلاع تک کر دیا گیا ہے، اور صفائی کے لیے ستھرا پنجاب جیسے اداروں کی بدولت عوام کی زندگی میں بہتری آئی ہے۔
جرمن سفیر اینا لیپل نے پنجاب حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب میں حکومت پنجاب نے جس مؤثر انداز میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز چلائے، وہ قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے واسا ایکسپو کے دورے کو بھی سراہا۔