باجوڑ: بارودی مواد کے دھماکے میں 3 بچے شہید، 5 زخمی بچے ہیلی کاپٹر میں سی ایم ایچ پشاور منتقل

01:13 PM, 28 Sep, 2025

باجوڑ :  قبائلی ضلع باجوڑ کے علاقے لغڑئی میں خوارج کی جانب سے چھوڑے گئے بارودی مواد کے دھماکے میں 3 معصوم بچے شہید جبکہ 5 شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد پاک فوج نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے زخمی بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ پشاور منتقل کر دیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق بچے کھیل کے دوران اس بارودی مواد کے قریب گئے جو ماضی میں فتنۂ خوارج کی جانب سے علاقے میں نصب کیا گیا تھا۔ افسوسناک دھماکے کے نتیجے میں تین بچے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ دیگر زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

سیکیورٹی فورسز اور متعلقہ اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کر لیا اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خوارج کے چھوڑے گئے پرانے بارودی مواد کی وجہ سے ہوا۔

فوجی ذرائع کے مطابق زخمی بچوں کا علاج سی ایم ایچ پشاور میں پاک فوج کے ماہر ڈاکٹروں کی زیر نگرانی جاری ہے، جبکہ علاقے کو بارودی مواد سے صاف کرنے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وادی تیراہ میں بھی خوارج کے ذخیرہ شدہ بارودی مواد کے دھماکے میں کئی معصوم شہری شہید اور 14 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔

سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ خوارج شہری آبادیوں کو ڈھال بنا کر اپنی مذموم کارروائیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم عوام کے تعاون سے باجوڑ سمیت قبائلی اضلاع کو ان عناصر سے جلد مکمل طور پر پاک کر لیا جائے گا۔

مزیدخبریں