سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے چین کی جانب سے مزید امدادی سامان پاکستان پہنچ گیا

06:21 PM, 28 Sep, 2025

اسلام آباد : چین کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے امدادی سامان کی دو مزید کھیپیں نور خان ایئر بیس پہنچ گئیں۔ امدادی پروازوں کے ذریعے 300 خیمے اور 9 ہزار کمبل پاکستان لائے گئے، جنہیں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے این ڈی ایم اے کے حوالے کر دیا گیا۔

امدادی سامان کی آمد پر نور خان ایئر بیس پر ایک خصوصی استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی انجینئر امیر مقام، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹنینٹ جنرل انعام حیدر ملک، اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ چین کی بروقت امداد دونوں ممالک کے درمیان لازوال دوستی کا عملی ثبوت ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں تمام حکومتی ادارے اور این ڈی ایم اے سیلاب متاثرین کو ریلیف پہنچانے کے لیے بھرپور سرگرم عمل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، اور حالیہ امداد بھی اسی باہمی اعتماد اور بھائی چارے کی علامت ہے۔

دوسری جانب چینی سفیر نے بھی اپنے خطاب میں اس بات کا اعادہ کیا کہ چین ہر آزمائش میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

حکام کے مطابق، امدادی سامان فوری طور پر متاثرہ علاقوں تک پہنچانے کے لیے تقسیم کاری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

مزیدخبریں