روس کا یوکرین کے دارالحکومت پر حملہ، 4 افراد ہلاک، 27 زخمی ہوگئے

05:30 PM, 28 Sep, 2025

کیف:  یوکرینی حکام کے مطابق روس کی جانب سے دارالحکومت کیف سمیت مختلف علاقوں پر کیے گئے تازہ حملوں میں کم از کم چار افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ زاپورزہیا سمیت دیگر ریجنز میں بھی ڈرون حملے کیے گئے جن کے نتیجے میں تین بچوں سمیت 16 افراد زخمی ہوئے۔ یوکرین کی وزارتِ خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان حملوں میں سینکڑوں ڈرونز اور میزائل استعمال کیے گئے۔

دوسری جانب روسی حکام نے تاحال ان حملوں پر کوئی ردعمل یا تبصرہ نہیں دیا ہے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روس کے بڑھتے حملوں پر عالمی برادری، بالخصوص نیٹو ممالک کو خبردار کیا ہے کہ ماسکو صرف یوکرین پر اکتفا نہیں کرے گا، بلکہ وہ یورپ میں دیگر ممالک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر کے ان کی دفاعی صلاحیتوں کا امتحان لے رہا ہے۔

اقوامِ متحدہ میں جاری جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روس کے وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو کا کسی نیٹو یا یورپی یونین کے رکن ملک پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ روس کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

لاوروف نے مزید الزام عائد کیا کہ مغربی ممالک کی جانب سے روس کو دی جانے والی دھمکیاں خطرناک حد تک بڑھ چکی ہیں اور اس سے یورپی سلامتی مزید خطرے میں پڑ رہی ہے۔

مزیدخبریں