تحریک لبیک پاکستان نے کالعدم قرار دئیے جانے کے حکومتی فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کر دی

تحریک لبیک پاکستان نے کالعدم قرار دئیے جانے کے حکومتی فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کر دی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے کالعدم قرار دیئے جانے کے حکومتی فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل دائر کردی جس کا جائزہ لینے کیلئے سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ٹی ایل پی نے سیکرٹری داخلہ کے پاس دائر کردہ اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے جس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، اس پر عائد کردہ پابندی بلاجواز ہے جسے ختم کیا جائے، ٹی ایل پی کی اپیل کا جائزہ لینے کیلئے سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے۔ 
واضح رہے کہ توہین رسالت پر فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے مطالبے پر احتجاجی مظاہروں کے بعد رواں ماہ وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ءکے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا تھا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجی گئی سرکلر سمری وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے بھی منظور کرلی تھی جس کے بعد ٹی ایل پی کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کالعدم قرار دیا گیا۔