روس کا یوکرین جنگ میں 3 روزہ یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان

10:14 AM, 29 Apr, 2025

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کے ساتھ 8 سے 10 مئی تک عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے، جو دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی کے خلاف روس کی فتح کے 80 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریبات کے سلسلے میں کی گئی ہے۔

کریملن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر پیوٹن کی ہدایت پر جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے اور توقع ظاہر کی گئی ہے کہ یوکرین بھی اس کا احترام کرے گا۔

روس میں ہر سال 9 مئی کو "یومِ فتح" (Victory Day) کے طور پر منایا جاتا ہے، جبکہ اس سال یہ تقریب 10 مئی کو منائی جا رہی ہے جس میں چینی صدر شی جن پنگ سمیت متعدد عالمی رہنما شرکت کریں گے۔ یہ دن دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی پر سوویت یونین کی فتح کی یاد میں منایا جاتا ہے، اور اس سال تقریب کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔

تاہم یوکرین نے اس اعلان پر محتاط ردعمل دیا ہے۔ یوکرینی وزیر خارجہ نے بیان دیا ہے کہ اگر روس واقعی امن کا خواہاں ہے تو 8 مئی کا انتظار کیے بغیر فوری جنگ بندی کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس کا یہ اقدام محض علامتی ہے اور عملی طور پر امن کے لیے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ روس نے عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہو  اس سے قبل ایسٹر کے موقع پر بھی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر درجنوں بار خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے تھے۔

مزیدخبریں