پنجاب کے بڑے شہروں اور دیہات میں مرحلہ وار تعمیر ومرمت اور بحالی کے منصوبوں کی اصولی منظوری

10:57 AM, 29 Apr, 2025

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں پنجاب کے شہری و دیہی علاقوں کے لیے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے۔ اجلاس میں محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی جانب سے نئے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں صوبے کے 59 بڑے شہروں میں سیوریج اور ڈرینج انفراسٹرکچر کی تعمیر کی جائے گی تاکہ بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی کے مسائل حل کیے جا سکیں۔ اس مقصد کے لیے شہروں میں رین واٹر اسٹوریج ٹینکس لگائے جائیں گے۔ واٹر سپلائی کے لیے ٹیوب ویلوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا تاکہ بجلی کے بڑھتے ہوئے بلوں کا بوجھ کم کیا جا سکے۔

اس کے علاوہ شہری گلیوں کی مرمت اور ٹف ٹائلز کی تنصیب کی جائے گی، جبکہ شہریوں کی تفریح کے لیے پارکوں کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، جہاں بچوں کو جھولے اور سہولتیں  فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ شہری ترقی کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کی یکساں ترقی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ دیہات میں ڈرینج سسٹم کی تعمیر و بحالی، گلیوں میں ٹف ٹائلز کی تنصیب، قبرستانوں میں چار دیواری اور صفائی کا نظام، اور پارکس و پلے گراؤنڈز کی تعمیر کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

دوسری جانب دیہات میں صفائی کے جدید حل کے طور پر جوہڑوں کی صفائی کے لیے بائیوٹیکنالوجی پر مبنی منصوبہ متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت مخصوص پودے لگائے جائیں گے جو پانی کی گندگی اور بدبو کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی آئے گی۔

اجلاس میں 4500 کلومیٹر طویل دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی تجویز بھی منظور کی گئی، جبکہ ہر یونین کونسل میں میٹنگ ہال، کونسل روم، اور سیکرٹری آفس قائم کیے جائیں گے تاکہ عوامی سہولت میں اضافہ ہو۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا صفائی و ترقیاتی منصوبہ "ستھرا پنجاب پروگرام" کامیابی سے جاری ہے، اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقے کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مزیدخبریں