اب میں نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا بھی چلا رہا ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

11:06 AM, 29 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن:  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی دوسری مدت صدارت نہ صرف امریکہ بلکہ پوری دنیا کو چلانے جیسی ذمہ داری بن چکی ہے۔ امریکی جریدے دی اٹلانٹک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے اپنی قیادت، خود اعتمادی اور ماضی کے چیلنجز پر کھل کر بات کی۔

ٹرمپ نے کہا کہ پہلی بار جب وہ صدر بنے تو انہیں دو محاذوں پر لڑنا پڑا، ملک چلانا اور اپنی بقا کی جنگ، کیونکہ ان کے اردگرد کرپٹ افراد موجود تھے۔ لیکن اب وہ خود کو زیادہ مضبوط اور بااختیار محسوس کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، "اب میں نہ صرف امریکا بلکہ دنیا بھی چلا رہا ہوں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی موجودہ ٹیم زیادہ وفادار اور ہم خیال افراد پر مشتمل ہے، اور عدالتی نظام کے ساتھ ان کا رویہ بھی اب کہیں زیادہ سخت ہے، کیونکہ اکثر عدالتی رکاوٹیں ان کے ایجنڈے میں خلل ڈالتی ہیں۔

انٹرویو سے قبل ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک طنزیہ پوسٹ میں کہا کہ وہ یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ آیا دی اٹلانٹک "سچ بولنے کی صلاحیت رکھتا بھی ہے یا نہیں۔" ٹرمپ نے اپنی پالیسیوں کو "نہایت سنجیدہ" قرار دیا، لیکن کہا کہ وہ یہ سب کچھ کرنے کے باوجود لطف اندوز بھی ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں