اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، پاک بھارت کشیدگی اور فلسطین کے مسئلے پر تفصیل سے گفتگو کی۔
محسن نقوی نے بھارت کے یکطرفہ اور غیر منطقی اقدامات پر پاکستان کے اصولی موقف اور فیصلوں پر مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا اور نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے اس موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حوالے سے کہا کہ "مودی مسلمان دشمن ہے، اسلام اور مسلمانوں کے خلاف جہاں بھی محاذ کھڑا ہوگا، مودی وہاں موجود ہوگا۔"
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت ایک خطرناک کھیل کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے، اور پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا پوری طاقت سے جواب دے گا۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور پاکستان کے موقف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔