اسلام آباد:بھارت میں پاکستان دشمن رویہ ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گیا۔ اٹاری بارڈر پر پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کی واپسی کے دوران بھارتی میڈیا نے بدتمیزی کی حد پار کر دی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی صحافیوں نے نہ صرف پاکستانی سفارتی عملے سے تکرار کی، بلکہ بھارتی فوج اور پولیس کی موجودگی میں انہیں ہراساں بھی کیا گیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستانی سفارتی عملہ، جس میں ایک سینئر سفارت کار اور سات دیگر اہلکار شامل تھے، بھارت سے واہگہ بارڈر کے راستے واپس پاکستان آ رہے تھے۔ اٹاری بارڈر پر بھارتی حکام نے پاکستانی عملے کے پاسپورٹ بھی کچھ وقت کے لیے اپنے قبضے میں لے لیے، جس پر پاکستانی عملے نے اعتراض کیا۔
یہ بدتمیزی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے پر پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں، اور واہگہ کے ذریعے شہریوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے۔