کامیڈی کے بے تاج بادشاہ منور ظریف کو مداحوں سے بچھڑے 49 برس بیت گئے

03:51 PM, 29 Apr, 2025

لاہور : پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار اور کامیڈی کنگ منور ظریف کو دنیا سے رخصت ہوئے آج 49 برس بیت چکے ہیں، مگر ان کی فنکارانہ وراثت آج بھی دلوں میں زندہ ہے۔ اداکار 29 اپریل 1976 کو صرف 36 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، لیکن اپنے مختصر کیریئر میں انہوں نے جو مقام حاصل کیا، وہ آج تک کوئی دوسرا فنکار حاصل نہیں  کر سکا۔

گوجرانوالہ میں پیدا ہونے والے منور ظریف نے اپنے بھائی، مشہور کامیڈین ظریف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ ان کی پہلی فلم "ہتھ جوڑی" نے ہی انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ اس کے بعد انہوں نے 16 سالہ فلمی کیریئر میں 300 سے زائد فلموں میں کام کیا، جہاں وہ کبھی کامیڈین، کبھی صداکار، اور کبھی ہیرو کے روپ میں جلوہ گر ہوتے رہے۔

منور ظریف نہ صرف اپنے جملوں کی برجستگی اور بے ساختہ اداکاری کے لیے جانے جاتے تھے بلکہ ان کی ڈانسنگ، نسوانی کرداروں میں مہارت اور دل موہ لینے والا انداز بھی ان کے فن کا اہم حصہ تھے۔ ان کی اداکاری میں جو بے ساختگی اور مزاح تھا، وہ آج کے فنکاروں کے لیے ایک مثال ہے۔منور ظریف کا نام پاکستانی فلمی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جا چکا ہے، اور ان کی یادیں آج بھی فلمی دنیا کے ہر چاہنے والے کے دل میں تازہ ہیں۔

مزیدخبریں