آبنائے ہرمز پر مہم جوئی برداشت نہیں کریں گے،پاکستان بہترین ثالث ہے: قطر کا ایران اور امریکا کو مذاکرات جاری رکھنے پر زور

08:59 AM, 29 Apr, 2026

دوحہ : قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کی بھرپور تائید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مذاکراتی عمل میں کسی بھی نئے ثالث کی ضرورت نہیں ہے۔ قطری وزارتِ خارجہ نے پاکستان کی ثالثی کو 'قابلِ تعریف' قرار دیتے ہوئے مذاکرات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔

قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ  پاکستان اس وقت امریکا اور ایران کے درمیان بہترین طریقے سے پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ قطر اس معاملے پر علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور جنگ کے پرامن سفارتی حل کی حمایت کرتا ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ مذاکرات میں تعطل خطے کو ایک ایسے 'منجمد تنازع' کی طرف دھکیل سکتا ہے جو مستقبل میں کسی بھی وقت دوبارہ بھڑکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
قطری ترجمان نے کسی بھی ملک کا نام لیے بغیر آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش یا دھمکیوں پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ   آبنائے ہرمز کو سودے بازی کے لیے استعمال کرنا قبول نہیں کیا جائے گا۔اس گزرگاہ کا براہِ راست تعلق عالمی توانائی کے تحفظ سے ہے، لہذا دنیا کسی بھی 'غیر ذمہ دارانہ مہم جوئی' کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ماجد الانصاری نے لبنان اور اس کی مسلح افواج کے لیے قطر کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور پانچ رکنی کمیٹی کے فریم ورک کے تحت بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ ہم آہنگی کا حوالہ دیا۔

مزیدخبریں