این آر او کیس، سابق صدر آصف زرداری کا بیان حلفی مشکوک قرار

 این آر او کیس، سابق صدر آصف زرداری کا بیان حلفی مشکوک قرار
کیپشن: ہم چاہتے ہیں بطور قومی رہنما آپ کے موکل کو شفافیت کا سرٹیفیکیٹ دیں، چیف جسٹس۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے این آر او کیس میں سابق صدر آصف زرداری کا بیان حلفی مشکوک قرار دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بیان حلفی میں لکھا گیا ہے کہ آج تک میری جائیدادیں یہ ہیں اور بیان حلفی میں آج تک کے اندراج سے بیان حلفی مشکوک ہو جاتا ہے۔

سپریم کورٹ میں این آر او سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ زرداری نے آج کے دن کے حوالے سے بیان حلفی جمع کرایا۔ ہمیں پچھلے 10 سال کی تفصیلات چاہیے، زرداری بینظیر بھٹو کے اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع کرائیں اور 2007 کے بعد سے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرائی جائیں۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا دنیا میں جائیداد چھپانے کے بہت سے طریقے آ گئے ہیں جس پر فاورق ایچ نائیک نے کہا میرے موکل ان الزامات پر مقدمات سے بری ہو چکے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہمیں صرف اثاثوں کی تفصیلات بتا دیں اور ہم آپ پر دوبارہ مقدمہ نہیں چلانا چاہ رہے۔ ہم چاہتے ہیں بطور قومی رہنما آپ کے موکل کو شفافیت کا سرٹیفیکیٹ دیں۔