ن لیگ کیساتھ ہمارا کوئی اتحاد تھا ہی نہیں ، قمر زمان کائرہ

ن لیگ کیساتھ ہمارا کوئی اتحاد تھا ہی نہیں ، قمر زمان کائرہ
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور: پیپلز پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم ن لیگ کے ساتھ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے اکھٹے ہوئے، ہمارا آپس میں کوئی اتحاد نہیں تھا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ ہم کوئی مسلم لیگ ن کے اتحادی نہیں بلکہ مخالف سیاسی جماعت ہیں ، مسلم لیگ ن کے خلاف 35برس سے الیکشن لڑ رہے ہیں، نام واپس لیکر اعتزاز احسن کی دوسری مرتبہ بے عزتی نہیں کرنا چاہتے ۔قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ حقائق کو دیکھے بغیر ہم پر سازش اور ہم پر تحریکِ انصاف کی مدد کرنے کا بھی الزام لگایا جا رہا ہے۔ اعتزاز احسن پیپلز پارٹی کے تجویز کردہ امیدوار تھے، نامزد نہیں، اگر کوئی ڈیل تھی تو ن لیگ اعتزاز کا نام قبول کر کے ہماری ڈیل کو برباد کر دیتی، ہم مخالف جماعتیں تھے کوئی الائنس نہیں توڑا۔

انہوں نے کہا کہ چودھری اعتزاز احسن صدر کے بہترین امیدوار ہیں جن کی شخصیت میں کوئی خامی نہیں ہے، ن لیگ کو ان کے نام پر مان جانا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز رشید نے معافی والا بیان نہ دیا ہوتا تو شاید ہم ان کا نام واپس لے لیتے۔ اب اعتزاز احسن کا نام واپس لے کر پرویز رشید کی طرح اعتزاز کی توہین نہیں کر سکتے۔پیپلز پارٹی رہنما نے بتایا کہ ہمیں مولانا فضل الرحمان کے امیدوار بننے کا میڈیا کے ذریعے پتا چلا، مولانا کے نام بارے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔