کورونا پابندیاں کراچی اور حیدر آباد میں برقرار، سندھ کے دیگر اضلاع میں نرمی

کورونا پابندیاں کراچی اور حیدر آباد میں برقرار، سندھ کے دیگر اضلاع میں نرمی
کیپشن: کورونا پابندیاں کراچی اور حیدر آباد میں برقرار، سندھ کے دیگر اضلاع میں نرمی
سورس: فائل فوٹو

کراچی: محکمہ داخلہ سندھ  نے کراچی اور حیدرآباد کے علاوہ صوبے بھر میں تفریحی پارک، واٹر پارک، سوئمنگ پول کھولنے کی اجازت دے دی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس او پیز کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت کراچی ڈویژن او حیدرآباد میں پابندیاں برقرار رکھی جائیں گی جبکہ صوبے بھر میں تفریحی پارک، واٹر پارک، سوئمنگ پول کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے، نیا حکم نامہ یکم سے 15 ستمبر2021 تک نافذالعمل رہے گا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں شادی بیاہ کی انڈور تقریبات، انڈور ڈائننگ پر پابندی برقرار رہے گی، تاہم آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 10 بجے تک اجازت ہوگی، آؤٹ ڈور شادی بیاہ کی تقریبات کے لئے 3 سو مہمانوں کے ساتھ رات 10 بجے تک اجازت ہو گی اور صرف ویکسین کے حامل افراد کے لئے رات 12 بجے تک انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ کی سہولت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں کاروباری اوقات رات 8 بجے تک ہوں گے، جب کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں کاروباری اوقات رات 10 بجے تک ہوں گے، کراچی میں ہفتہ وار سیف ڈیز جمعہ اور اتوار، حیدرآباد میں جمعہ اور ہفتہ جب کہ دیگر اضلاع میں صرف جمعہ کا دن سیف ڈے ہوگا، بنیادی اشیاء ضروریہ اور ادویات کی دکانوں کو ہفتے کے سات روز کھولنے کی اجازت ہوگی، جب کہ 24 گھنٹے کھلنے والے کاروبار میں بھی اعلان کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی ہوگا ۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں سینما گھر، انڈور اسپورٹس سرگرمیاں،  انڈور سماجی، مذہبی، سیاسی اجتماعات پر پابندی ہوگی، تاہم  کھلے مقامات پر تقریبات کے لئے 3 سو افراد کے ساتھ اجازت ہوگی، کراچی اور حیدرآباد میں مزارات مکمل طور پر بند رہیں گے، جب کہ دیگر اضلاع میں مزارات مقامی انتظامیہ، محکمہ صحت سے مشاورت کے بعد کھولنے کی اجازت ہوگی۔

ٹرانسپورٹ کے حوالے سے صوبائی محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی صرف 50 فیصد استعداد کے ساتھ چلے گی تاہم ایس او پیز کی مکمل پابندی کی جائے گی، پبلک ٹرانسپورٹ کے عملے کی ویکسینیشن کرانا لازمی ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے پر مکمل پابندی ہوگی، ٹرینوں میں ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ 70 فیصد مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی، اندرونِ ملک پروازوں پر کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے پر پابندی عائد رہے گی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے علاوہ صوبے بھر میں تفریحی پارک، واٹر پارک، سوئمنگ پول کھولنے کی اجازت ہوگی، کراچی اور حیدآباد میں صرف پبلک پارکس کھولے جا رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ مخصوص ایریا میں لاک ڈاؤن لگانے کی مجاز ہے، عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہے، اور ویکسین کرانے والے افراد کو ایس او پیز پر پابندی کے ساتھ سیاحت کی اجازت دے دی گئی ہے، ویکسینیشن سینٹر، فیول اسٹیشنز ہفتے کے سات روز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔