لاہور : دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث شاہدرہ اور بلوکی کے مقامات پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شاہدرہ کے علاقے میں سیلابی پانی کئی آبادیوں میں داخل ہو چکا ہے، جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے راوی میں سائفن شاہدرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں 2 لاکھ 20 ہزار 627 کیوسک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 15 ہزار 550 کیوسک تک پہنچ چکا ہے، جو کہ انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے زمرے میں آتا ہے۔
سیلابی صورتحال کے باعث فرخ آباد، عزیز کالونی اور دیگر ملحقہ علاقوں کے مکین شدید متاثر ہوئے ہیں۔ انتظامیہ نے ان علاقوں میں موجود افراد کو فوری طور پر گھروں سے نکالنے کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ مساجد کے ذریعے اعلانات کر کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔
سیلاب متاثرین کے لیے فرخ آباد کے دو سکولوں میں امدادی کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں متاثرہ افراد کو کھانے اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ دریں اثناء، ملتان روڈ پر چوہنگ کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی بھی زیر آب آ چکی ہے، جہاں رہائشی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دریا کے کنارے بند کے ایک حصے پر اب بھی متعدد شہری مال مویشیوں کے ساتھ موجود ہیں، جو امداد کے منتظر ہیں۔ ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پانی والے علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قریبی امدادی کیمپ یا ریسکیو سروسز سے رابطہ کریں۔