شارجہ : آج سہ ملکی ٹی 20 کرکٹ سیریز کا پہلا میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان کی ٹیم اس سیریز میں مسلسل 15 ویں ٹی 20 میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کے بغیر میدان میں اترے گی، جبکہ میزبان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) بھی اس سیریز کی تیسری ٹیم ہے۔ ٹرائی نیشن سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ہے، جس میں تینوں ٹیموں کے کپتانوں — سلمان علی آغا (پاکستان)، راشد خان (افغانستان) اور محمد وسیم (یو اے ای) — نے شرکت کی اور ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کیا۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیم کی تیاری مکمل ہے اور سابق کھلاڑیوں کی رائے سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا، "ہم نے گزشتہ تین سیریز میں بہترین کھیل پیش کیا ہے اور اس بار بھی اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔"
افغانستان کے کپتان راشد خان نے بھی کہا کہ وہ کافی عرصے سے ٹی 20 مقابلوں میں حصہ نہیں لے سکے، مگر اس بار اچھا کھیل پیش کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔خیال رہے کہ سہ ملکی سیریز میں تینوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچز کھیلیں گی اور 7 ستمبر کو فائنل میچ ہوگا۔