سیلابی خطرہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی عوام سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل

11:36 AM, 29 Aug, 2025

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں سے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی ہے۔

اپنے ہنگامی پیغام میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام کی جان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا شہری ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

مریم نواز نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرین کے گھروں، فصلوں اور مویشیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا شفاف تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ان کا حق ہر صورت پہنچایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ہر متاثرہ شہری کے ساتھ کھڑی ہے اور تمام نقصانات کا ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنی اور اپنے بچوں کی زندگیوں کو ترجیح دیتے ہوئے فوری طور پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔

قبل ازیں مریم نواز نے دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کشتی کے ذریعے دورہ کیا، جس پر سوشل میڈیا پر بعض حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی۔ اس پر ردِعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے وضاحت کی کہ یہ دورہ محض علامتی نہیں بلکہ زمینی حقائق کو براہِ راست جانچنے کے لیے کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران کئی اہم انتظامی خامیاں سامنے آئیں جن کی فوری اصلاح کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ دفتر میں بیٹھ کر کیے گئے فیصلے کبھی بھی عوامی مشکلات کا مکمل ادراک نہیں دے سکتے، اس لیے ایک ذمہ دار قیادت کا فرض ہے کہ وہ میدان میں آ کر خود حالات کا مشاہدہ کرے۔

مزیدخبریں