ٹرائی نیشن سیریز: پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سےرنز سے ہرا دیا

11:55 PM, 29 Aug, 2025

شارجہ: ٹرائی نیشن سیریز کے افتتاحی مقابلے میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے دی۔ شارجہ کے تاریخی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، جس کے جواب میں افغان ٹیم 143 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا نے 36 گیندوں پر ناقابلِ شکست 53 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 3 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ دیگر نمایاں بیٹسمینوں میں محمد نواز نے 21، محمد حارث نے 15 اور حسن نواز نے 9 رنز اسکور کیے۔

ابتدائی بلے باز صاحبزادہ فرحان 21 اور صائم ایوب 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ فخر زمان 20 رنز کی مختصر اننگز کھیل کر محمد نبی کا شکار بنے۔

افغانستان کی جانب سے فرید احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور 47 رنز دیے۔

جواب میں افغان بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار رہی۔ اگرچہ راشد خان نے 39 اور رحمٰن اللہ گرباز نے 38 رنز بنا کر مزاحمت کی کوشش کی، مگر دیگر بیٹرز مکمل طور پر ناکام رہے، اور 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

پاکستانی باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ حارث رؤف نے 31 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، صفیان مقیم اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی فائنل الیون:
قومی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا نے کی۔ دیگر کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، حسن نواز، محمد نواز، محمد حارث، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور صفیان مقیم شامل تھے۔

مزیدخبریں