فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پی او ایف واہ کا دورہ، دفاعی پیداوار اور خود انحصاری پر بریفنگ

09:59 AM, 29 Aug, 2026

راولپنڈی:  چیف آف ڈیفنس فورسز ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا اور مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے جدید اسلحے اور گولہ بارود کے ٹیسٹ و ٹرائلز کا مشاہدہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پی او ایف کے مختلف شعبوں، آپریشنز، پیداواری صلاحیت اور جدید عسکری سازوسامان کی مقامی تیاری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر پی او ایف کی دفاعی صنعتی بنیاد میں کردار، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور برآمدات کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف کو ادارے میں جاری جدت، خود انحصاری اور دفاعی پیداوار بڑھانے کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ڈی آئی پی آر اے آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پی او ایف کی کارپوریٹائزیشن میں ہونے والی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ صنعتی صلاحیت میں اضافے کے لیے دو نئے پلانٹس کی تنصیب جاری ہے، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔

دورے کے دوران پاکستان کے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

مزیدخبریں