واشنگٹن(جاویدبلوچ)امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کا معروف جریدے ’’نیوز ویک‘‘ میں اہم مضمون شائع ہوا ہے، جس میں انہوں نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے مؤقف کو واضح کیا ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت کا اپریل 2025 کا یکطرفہ اقدام سندھ طاس معاہدے کی قانونی حیثیت یا پاکستان کے حقوق کو تبدیل نہیں کرسکتا۔ بھارت کو معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل یا اسے التوا میں رکھنے کا کوئی قانونی اختیار حاصل نہیں۔
رضوان سعید شیخ کے مطابق ثالثی عدالت کے فیصلوں نے سندھ طاس معاہدے کے مسلسل مؤثر، قابلِ عمل اور فریقین پر لازم ہونے کی قانونی حیثیت برقرار رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مئی 2026 کے ضمنی فیصلے سمیت ثالثی عدالت کے احکامات نے مغربی دریاؤں پر بھارتی منصوبوں کو سندھ طاس معاہدے کی حدود کا پابند قرار دیا ہے۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ بھارت کی جانب سے دی گئی کوئی رعایت نہیں بلکہ دو خودمختار ریاستوں کے درمیان ایک باقاعدہ اور لازم قانونی معاہدہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کا آرٹیکل 12 واضح ہے، جس کے تحت سندھ طاس معاہدے کا خاتمہ صرف دونوں حکومتوں کے باقاعدہ توثیق شدہ نئے معاہدے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔