ہیٹی میں گینگ تشدد پر پاکستان کا اظہارِ تشویش، عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ

04:03 PM, 29 Aug, 2026

نیویارک:پاکستان نے ہیٹی میں گینگ کے بڑھتے ہوئے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ ملک میں سکیورٹی کی بحالی کے لیے گینگ سپریشن فورس  کی بروقت اور مکمل تعیناتی یقینی بنائی جائے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہیٹی سے متعلق ہنگامی اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ کینسکوف میں گینگ کا حالیہ حملہ ہیٹی کے عوام کو درپیش سنگین سکیورٹی صورتحال کی ایک اور خطرناک مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ گینگ کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ خواتین اور بچے ان حملوں سے غیر متناسب طور پر متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ کئی برسوں کے دوران ہیٹی کی سکیورٹی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری نہیں آ سکی۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ ہیٹی کے حکام کی معاونت کے لیے جی ایس ایف کی مکمل اور بروقت تعیناتی میں حائل انتظامی و لاجسٹک رکاوٹوں کو دور کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے غیر قانونی اسلحے کی ہیٹی منتقلی روکنے کے لیے بھی مربوط اور مؤثر اقدامات پر زور دیا۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ گینگ تشدد پر قابو پانے اور عوام کا سکیورٹی پر اعتماد بحال کرنے کے لیے صرف سکیورٹی اقدامات کافی نہیں، بلکہ ہیٹی میں عدم استحکام کی بنیادی وجوہات سے بھی نمٹنا ہوگا۔

انہوں نے ہیٹی میں پائیدار امن کے لیے ہیٹی کی قیادت اور ملکیت پر مبنی سیاسی و سکیورٹی عمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جی ایس ایف کے لیے معاونت متحرک کرنے اور تخفیفِ اسلحہ، عدم مسلح کاری اور بحالیِ نو  کی جامع حکمت عملی کو آگے بڑھانے کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔

پاکستان نے ہیٹی کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک میں دیرپا امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے عالمی برادری اور ہیٹی کی قیادت میں جاری کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں