اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علی الصبح شاہین چوک انڈر پاس کا دورہ کیا اور منصوبے کو 31 دسمبر تک مکمل کر کے ٹریفک کے لیے کھولنے کی ہدایت دی۔ وزیر داخلہ نے سائٹ پر جا کر انڈر پاس کے فنشنگ ورک اور کارپٹنگ کا معائنہ کیا، اور اس کے اطراف ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ کے کام کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ منصوبے کے ارد گرد مزید پودے لگائے جائیں تاکہ علاقے کو خوبصورت اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انڈر پاس کے مکمل ہونے سے شاہین چوک پر ٹریفک کے مسائل کا مستقل حل نکلے گا اور شہریوں کو آمدورفت میں بڑی سہولت ملے گی، ساتھ ہی ٹریفک جام کی پریشانی سے نجات ملے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 31 دسمبر تک انڈر پاس ہر صورت میں کھول دیا جائے گا تاکہ شہریوں کو جلد سے جلد اس فائدے کا پہنچنا ممکن ہو سکے۔ دورے کے موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے وزیر داخلہ کو منصوبے کی تکمیل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور کام کی رفتار سے آگاہ کیا۔