آج رات مغربی ہواؤں کے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ، بیشتر علاقوں میں بارشیں متوقع

02:08 PM, 29 Dec, 2025

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج رات مغربی ہواؤں کے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق، پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ برفباری بھی ہو سکتی ہے۔

31 دسمبر کو بالائی اور وسطی پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، اور یہ موسمی سلسلہ 2 جنوری تک جاری رہ سکتا ہے۔ خاص طور پر ناران، کاغان، سوات، دیر، کوہستان، مری اور گلیات میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ سکردو اور ہنزہ میں بھی برفباری ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ برفباری کے باعث ان علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے، اور بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی سفارش کی ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

دوسری جانب، بارشوں کے اثرات کے باعث وسطی اور جنوبی پنجاب میں دھند کی شدت میں کمی آ سکتی ہے، جو گاڑیوں کی چلنے میں آسانی پیدا کر سکتی ہے۔

مزیدخبریں