لاہوریوں کیلئے محفوظ بسنت کی بحالی ، ڈپٹی کمشنر نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا

12:40 PM, 29 Dec, 2025

لاہور: لاہور میں 2026 میں بسنت منانے کی باقاعدہ اجازت دے دی گئی ہے، جس کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، لاہور میں بسنت کی تقریبات 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو منائی جا سکیں گی۔

انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ بسنت کے دوران صرف منظور شدہ اور معیاری پتنگ بازی کا سامان استعمال کیا جا سکے گا۔ پتنگ بازی کے سامان کی تیاری اور تجارت 30 دسمبر 2025 سے 8 فروری 2026 تک مجاز ہوگی، جبکہ عوام کو یہ سامان فروخت کرنے کی اجازت یکم فروری سے 8 فروری 2026 تک ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، صرف رجسٹرڈ دکاندار ہی پتنگ بازی کا سامان فروخت کر سکیں گے۔ پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے والے مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز کی رجسٹریشن 29 دسمبر 2025 سے شروع ہو چکی ہے اور یہ رجسٹریشن ای-بز ایپ یا basant.punjab.gov.pk کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔

اس کے علاوہ، چرخی کے استعمال پر مکمل پابندی برقرار رکھی گئی ہے اور دھاتی تار، نائیلون، پلاسٹک یا تیز مانجھا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ صرف مخصوص معیار کی روئی کی ڈور استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ پتنگوں کے سائز اور گڈے کی حد بھی مقرر کی گئی ہے۔

انتظامیہ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ تمام رجسٹرڈ دکاندار اپنے سرٹیفکیٹس کو نمایاں طور پر آویزاں کریں اور سٹاک، فروخت اور سامان کی نقل و حرکت کا مکمل ریکارڈ رکھنا لازمی ہوگا۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بسنت کو محفوظ طریقے سے منانا اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

مزیدخبریں