کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط نہیں کر سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہتھیار ڈال دیں، ورنہ ریاست اپنی رِٹ قائم کرنا جانتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بندوق اٹھانے والے قومی دھارے میں واپس آ جائیں، ریاست کے دروازے آپ کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔
چیف آف بگٹی قبائل منتخب ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کالعدم بلوچ تنظیموں کو ایک ایسی جدوجہد پر لگا دیا گیا ہے جو لاحاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجابیوں کو قتل کرنا بلوچ روایات کے سراسر خلاف ہے اور ایسی کارروائیاں کسی صورت قابل قبول نہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچ قوم کی روایات امن، بھائی چارے اور احترام پر مبنی ہیں، نہ کہ معصوم لوگوں کے قتل پر۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے لیے ہے اور بلوچستان پاکستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی اور نوجوانوں کو تشدد کے راستے کے بجائے ترقی اور قومی دھارے میں شامل ہونے کا موقع دیا جائے گا۔