ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان

11:25 AM, 29 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور : محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ان کے مطابق، ملک کے بیشتر میدانی علاقے سرد اور خشک رہیں گے، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں سرد موسم کے ساتھ مطلع ابر آلود رہے گا اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ مری، گلیات اور ان کے گرد و نواح میں رات کے وقت بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ اسی طرح راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع جیسے دیر، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور سوات میں بھی موسم سرد اور ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقے سرد اور خشک رہیں گے، تاہم بلوچستان کے شمالی اضلاع میں شدید سردی اور جزوی ابر آلود موسم ہو سکتا ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی ابر آلود موسم کے ساتھ بارش اور برفباری کی توقع ہے۔

مزیدخبریں