جنگ کی نوعیت بدل چکی، ٹیکنالوجی نے نئی حکمتِ عملی دی ہے؛چیف آف ڈیفنس  فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا بہاولپور میں خطاب

10:05 AM, 29 Jan, 2026

راولپنڈی :چیف آف ڈیفنس  فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا، فیلڈ ایکسرسائز کا مشاہدہ کیا اور متعدد فلاحی و تعلیمی منصوبوں کا افتتاح کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو گیریژن کی انتظامی اور تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں "ملٹی ڈومین وارفیئر" اور ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے کردار پر توجہ مرکوز کی گئی۔
 فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ مسلح افواج وطن کی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، تاہم اب جنگ کی نوعیت میں بڑی تبدیلی آ چکی ہے جس کے لیے ہم جدید ترین شعبوں میں اصلاحات سے گزر رہے ہیں۔فیلڈ مارشل نے خیرپور ٹامیوالی میں فوجی مشقوں کا مشاہدہ کیا جس میں الیکٹرانک وارفیئر اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے ای ایم ای (EME) ریجنل ورکشاپ کے دورے کے دوران مقامی سطح پر دفاعی پلیٹ فارمز کی مینٹیننس کے نظام کو بھی سراہا۔
عسکری مصروفیات کے ساتھ ساتھ فیلڈ مارشل نے جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لیے دو بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا۔    روہی ای اسکلز لرننگ حب،  جنوبی پنجاب اور ملک بھر کے طلبہ کو جدید ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے کے لیے قائم کیا گیا۔     اے پی ایس عباسیہ کیمپس، طلبہ کی معیاری تعلیم اور کردار سازی کے لیے پاک فوج کے عزم کا عکاس ہے۔
دورے کے آغاز پر فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے ملک کے دفاع کے لیے شہداء کی لازوال قربانیوں کو عظیم خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مزیدخبریں