اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے زیر گردش خبروں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں اور انہیں جیل میں تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔وزیر اطلاعات نے تصدیق کی کہ بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ روز پمز (PIMS) ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ آنکھوں کے ماہر ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔
یہ معائنہ تقریباً 20 منٹ تک جاری رہا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر واپس روانہ کر دیا گیا۔ ڈاکٹروں کی سفارش پر ہی انہیں ہسپتال لایا گیا تھا کیونکہ آنکھوں کے مخصوص ٹیسٹ کے لیے ہسپتال کی مشینری کا استعمال ناگزیر تھا۔
عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ اڈیالہ جیل میں قید تمام قیدیوں کی صحت کا خیال رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں اور وہ مکمل طور پر تندرست ہیں۔
بانی پی ٹی آئی مکمل صحت مند ہیں، پمز میں آنکھوں کا معائنہ معمول کی کارروائی تھی: عطا تارڑ
11:32 AM, 29 Jan, 2026