اسلام آباد :پاکستان کی ہوا بازی کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہو گیا ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے حوالے سے ٹرانزیکشن کی دستاویزات پر دستخط اور ان کے تبادلے کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس نے ایئر لائن کے نئے دور کا آغاز کر دیا ہے۔اس اہم تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور خاص شرکت کی۔ تقریب کے دوران حکومتِ پاکستان اور عارف حبیب کنسورشیم کے نمائندوں نے حتمی دستاویزات پر دستخط کیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل آج کامیابی سے انجام کو پہنچا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نجکاری کا پورا عمل بین الاقوامی معیار کے مطابق انتہائی شفاف رکھا گیا۔ یہ قدم ملکی معیشت کی بہتری اور قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لیے ناگزیر تھا۔
عارف حبیب کنسورشیم کے ساتھ ہونے والا یہ معاہدہ پی آئی اے کی بحالی، جہازوں کے بیڑے میں اضافے اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ حکام کے مطابق، اس ٹرانزیکشن سے ایئر لائن کے آپریشنل ڈھانچے میں انقلابی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
قومی ایئر لائن کی نجکاری کا سفر مکمل: حکومت اور عارف حبیب کنسورشیم کے مابین معاہدے پر دستخط
06:01 PM, 29 Jan, 2026