جھوٹے کیس بنا کر سیاسی مخالفین کو گرفتار کیا جا رہا ہے، بلاول بھٹو

جھوٹے کیس بنا کر سیاسی مخالفین کو گرفتار کیا جا رہا ہے، بلاول بھٹو
کیپشن: پیپلز پارٹی کے کسی دور میں کوئی بھی سیاسی قید نہیں تھا، بلاول بھٹو۔۔۔۔۔۔فوٹو/ پیپلز پارٹی فیس بُک پیج

اسلام آباد: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کیسز ہمارے لیے نیا ایشو نہیں اور سیاسی مخالفین پر جھوٹے کیس بنا کر گرفتار کیا جا رہا ہے۔ سلیکٹڈ حکومت اور اس نظام کو نہیں مانتے۔

بلاول کا کہنا ہے کہ ہم نے آمرانہ دور کا مقابلہ کیا، ہم نے ایوب خان، ضیاء اور مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا۔ پاکستان میں نظریے کا مقابلہ نہیں کیا جاتا، کٹھ پتلی کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری بہادر سیاستدان ہیں۔ پیپلز پارٹی کے کسی دور میں کوئی بھی سیاسی قید نہیں تھا۔ پیپلز پارٹی نے کبھی کسی کی گرفتاری کا حکم نہیں دیا اور کل میں نے یا کسی وزیر نے بھی گرفتاری کا حکم نہیں دیا۔ پی ٹی آئی ایم این اے عالمگیر خان سے انتقام نہیں لیا۔

چیئر مین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے کسی کی عزت نہیں کرتے بلکہ پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس اہلکاروں سے بد تمیزی کی۔ مولانا صاحب کی حکومت آ گئی تو وزیراعظم عمران خان کا پتہ نہیں کیا حالت ہو گی۔ 18 ویں ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی دیگر اپوزیشن جماعتیں اپنے طور پر بھی احتجاج کر رہی ہیں۔ جولائی کو ملک بھرمیں شاندار جلسے کیے گئے۔ عدالتوں کا سامنا کرنا پیپلز پارٹی کے لیے نئی بات نہیں اور مقدمات میں سرخرو ہونگے۔