پنجاب میں خصوصی بچوں کی تعلیم کے شعبے میں اہم پیشرفت، برٹش کونسل کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا

12:54 PM, 29 Jul, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں خصوصی بچوں کی تعلیم کے شعبے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار خصوصی تعلیم میں بین الاقوامی تعاون کے تحت برٹش کونسل اور محکمہ سپیشل ایجوکیشن پنجاب کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب میں معاون خصوصی برائے سپیشل ایجوکیشن ثانیہ عاشق نے کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل جیمز ہیمپسن کو حکومت پنجاب کی جانب سے خصوصی تعلیم کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ برٹش کونسل نے خصوصی تعلیم میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اسی موقع پر سکول کنیکٹ پروگرام کے تحت نمایاں سکولوں کے سربراہان کو 'ایوارڈز آف ایکسیلنس' سے نوازا گیا۔

معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم اور تربیت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے لیے بین الاقوامی تربیتی تبادلہ پروگرام ناگزیر ہے اور آٹزم اور شمولیتی تعلیم کے لیے برطانیہ کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر بچے کو تعلیم، صحت اور باوقار زندگی دینا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا مشن ہے۔

برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن نے کہا کہ خصوصی بچوں کو بااختیار بنانے کے لیے پنجاب میں نئی راہیں متعین کرنے میں بھرپور تعاون کریں گے۔

مزیدخبریں