نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ الیحییٰ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات اقوام متحدہ میں دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی گئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، غذائی تحفظ اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ اور او آئی سی جیسے بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے سے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں جانب سے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کو جلد ممکن بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور خراب ہوتی انسانی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ اور پائیدار حل کی اہمیت پر زور دیا۔
امید ظاہر کی گئی کہ اقوام متحدہ کی اس کانفرنس کے نتائج دو ریاستی حل کو عملی طور پر آگے بڑھانے میں مددگار ہوں گے۔