اسلام آباد: محکمہ ایکسائز کا گاڑیوں کے لیے ڈیجیٹل کارڈز متعارف کرانے کا فیصلہ

03:48 PM, 29 Jul, 2025

اسلام آباد  :  محکمہ ایکسائز اسلام آباد نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں کے لیے ڈیجیٹل کارڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل گاڑی کے کاغذات کے طور پر روایتی بُک استعمال کی جاتی تھی، بعد ازاں سمارٹ کارڈز متعارف کرائے گئے، اور اب جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے گاڑیوں کے ڈیجیٹل کارڈز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر یہ کارڈز اسلام آباد میں نافذ کیے جائیں گے۔

ڈیجیٹل کارڈ گاڑی کے مالک کے موبائل والٹ میں محفوظ ہو گا جس کی بدولت کارڈ یا کاغذات ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ اس کارڈ کو اسلام آباد کے تمام ڈیجیٹل پارکنگ پلازوں سے منسلک کیا جائے گا اور پارکنگ فیس کی ادائیگی بھی اسی کے ذریعے ممکن ہو گی۔

مزید یہ کہ ڈیجیٹل کارڈ میں گاڑی کے تمام ٹریفک چالانز اور ان کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی، جس سے گاڑی کے مکمل ریکارڈ تک آسان رسائی ممکن ہو سکے گی۔

محکمہ ایکسائز اسلام آباد کے ڈائریکٹر بلال اعظم کے مطابق، "ہم اپنے نظام میں مسلسل جدت لا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ڈیجیٹل کارڈز کا اجراء اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے مرحلے میں گاڑیوں کی آن لائن ٹرانسفر کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی، جس کے تحت خریدار اور فروخت کنندہ گھر بیٹھے بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے گاڑی کی ملکیت منتقل کر سکیں گے، اور ایکسائز دفتر آنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

یہ اقدام نہ صرف شہریوں کے وقت کی بچت کرے گا بلکہ محکمانہ شفافیت اور نظام میں بہتری کا باعث بھی بنے گا۔

مزیدخبریں