اسلام آباد :وفاقی حکومت نے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے ایک لاکھ 16 ہزار الیکٹرک بائیکس دو سالہ آسان اقساط پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منصوبے کا باضابطہ اعلان وزیر اعظم شہباز شریف 14 اگست کو کریں گے۔
ہر بائیک پر 50 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی، جب کہ بقیہ رقم اقساط میں ادا کی جائے گی۔ بائیک کی ممکنہ قیمت 2 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت 18 سے 65 سال کے افراد درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
17 کمپنیاں بائیکس کی تیاری کے لیے لائسنس حاصل کر چکی ہیں۔ حکومت کا ہدف ہے کہ 2030 تک 30 فیصد گاڑیاں الیکٹرک ہوں، جب کہ سبسڈی کی مد میں آئندہ پانچ سال کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔