راولپنڈی : غیرت کے نام پر قتل کی گئی سدرہ بی بی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، عدالت نے گرفتار رکشہ ڈرائیور خیال محمد کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ سول جج قمر عباس تارڑ نے پولیس کی درخواست پر فیصلہ سنایا اور ملزم کو یکم اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے گورکن راشد محمود اور سیکرٹری قبرستان سیف الرحمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے دونوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔ پولیس نے مقتولہ سدرہ بی بی کی لاش لے جانے والا سرخ رنگ کا لوڈر رکشہ خفیہ پارکنگ سے برآمد کر لیا، جو اب تھانے کے مال خانے میں جمع کروا کر بحقِ سرکار ضبط کر لیا گیا ہے۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ سدرہ کی باقاعدہ قبر تیار کی جائے، نام کا کتبہ لگایا جائے اور تمام تفصیلات قبرستان کے رجسٹر میں شامل کی جائیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر یکم اگست کو تمام گرفتار 7 ملزمان کو پیش کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔