سری لنکا ویمنز نے فیصلہ کن ون ڈے جیت کر سیریز اپنے نام کر لی

07:21 PM, 29 Jul, 2026

ہمبنٹوٹا: سری لنکا ویمنز ٹیم نے تیسرے اور آخری ون ڈے میں پاکستان ویمنز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔

میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مایوس کن آغاز کیا اور محض 10 رنز پر اپنی ابتدائی تین وکٹیں گنوا دیں۔ صدف شمس 9 رنز جبکہ سدرا امین اور عائشہ ظفر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئیں۔

ابتدائی نقصان کے بعد گل فیروزہ اور منیبہ علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 68 رنز کی شراکت قائم کی۔ گل فیروزہ نے 40 اور منیبہ علی نے 34 رنز اسکور کیے، جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے 41 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ بہتر بنانے کی کوشش کی۔ تاہم پوری پاکستانی ٹیم 40 اوورز میں 187 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان چماری اتاپتو، چیتھانا اور کویشا دلہاری نے تین، تین وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو قابو میں رکھا۔

188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 38ویں اوور میں کامیابی حاصل کر لی۔ ہرشیتھا 71 اور ہسنی پریرا 50 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہیں، جبکہ کپتان چماری اتاپتو نے بھی 52 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

اس فتح کے ساتھ سری لنکا نے ون ڈے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ دونوں ٹیمیں اب جمعے سے شروع ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

مزیدخبریں