انڈین اور افغان خفیہ اداروں کا گٹھ جوڑ، دشمن کے مذموم ارادے ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئے  

Nexus of Indian and Afghan intelligence agencies, the nefarious intentions of the enemy once again exposed
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: بھارت کے بدنام زمانہ خفیہ ادارے را اور افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس کا گٹھ جوڑ اب کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ دشمن ممالک پاکستان کیخلاف کس قسم کے گھناؤنے اور مذموم ارادے رکھتے ہیں۔

یہ بات اب ثابت ہو چکی ہے لاہور دھماکے میں این ڈی ایس اور را ملوث تھی۔ این ڈی ایس بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ذریعے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں مصروف ہے۔ دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیاں پاکستان کے امن و آشتی کو خراب کرنے کے لئے سرگرم ہیں۔

پاکستان ایک عرصے سے اس حوالے سے سوالات اٹھاتا رہا ہے۔ پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیز نے اس حوالے سے بارہا ثبوت دنیا کے سامنے رکھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیر خارجہ را اور این ڈی ایس گٹھ جوڑ دنیا کے سامنے بے نقاب کر چکے ہیں۔

بلوچستان، قبائلی اضلاع اور ایل او سی پر مسلسل ناکامی کے بعد را اور این ڈی ایس کی بے چینی میں مزید اضافہ ہو چکا ہے۔ پاکستان میں امن اور ترقی دشمن کی آنکھوں میں کھٹکنے لگی ہے۔ پاکستان کی خفیہ ایجنسیز نے ایک بار پھر مذموم عزائم کا سراغ لگا لیا ہے۔

سلیپر سیلز کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیوں کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیز مکمل چوکنا اور دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے دن رات مصروف ہیں۔

پاکستان کی سیکیورٹی مضبوط ہاتھوں میں ہے، منصوبے کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔ لیکن کیا بین الاقوامی ادارے ہندوستان کو کٹہرے میں لائیں گے؟ کیا اب بھی پاکستان کو ہی مورد الزام ٹھہرایا جاتا رہے گا؟