غزہ میں اسرائیلی بمباری، حماس کے بانی رہنما محمد عیسیٰ العیسی سمیت60 فلسطینی شہید

11:28 AM, 29 Jun, 2025

غزہ :  اسرائیلی فوج کی تازہ بمباری میں حماس کے بانی رہنما محمد عیسیٰ العیسی شہید ہو گئے ہیں جبکہ اسرائیل کے مختلف حملوں میں 60 سے زائد نہتے فلسطینی بھی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے ماسٹر مائنڈ اور حماس جنگجو ونگ کے سپورٹ ہیڈ کوارٹر کے سربراہ محمد عیسیٰ العیسی کو غزہ کے علاقے صابرہ میں ہلاک کیا گیا۔

دوسری جانب، غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے جس کے باعث گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 47 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں پناہ گزین کیمپ، اسکول اور رہائشی علاقے نشانہ بنائے گئے، جن میں غزہ شہر کے جافا اسکول کے قریب حملے میں 5 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک شہداء کی تعداد 56 ہزار 412 ہو چکی ہے جبکہ 1 لاکھ 33 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی اخبار ہارٹز کی رپورٹ کے مطابق حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

مشرق وسطیٰ کے دیگر علاقوں میں بھی اسرائیل کی جارحیت جاری ہے، جہاں لبنان کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دو لبنانی شہریوں کو ڈرون حملے میں شہید کر دیا گیا۔ امریکی غیر سرکاری تنظیم کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ 20 ماہ کے دوران غزہ، لبنان، شام، یمن اور ایران پر ہزاروں حملے کیے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امدادی مراکز پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں امداد لینے والوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو ناقابل قبول اور غیر انسانی ہے۔

ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے بھی غزہ میں انسانی امدادی سرگرمیوں پر روک کا مطالبہ کیا ہے اور اس امریکی اسرائیلی فاؤنڈیشن کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

مزیدخبریں