اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ کے درمیان رابطہ، علاقائی امور اور دوطرفہ تعاون پر گفتگو

01:36 PM, 29 Jun, 2025

اسلام آباد :نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترکی کے وزیر خارجہ حکان فدان کے درمیان اہم سفارتی رابطہ ہوا ہے جس میں علاقائی پیش رفت، دوطرفہ تعلقات اور بین الاقوامی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا اور مختلف عالمی و علاقائی پلیٹ فارمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

گفتگو کے دوران آئندہ ماہ ملائیشیا میں ہونے والے آسیان ریجنل فورم سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے فورم میں مشترکہ سفارتی حکمت عملی اپنانے پر مشاورت کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار جولائی کے مہینے میں سفارتی لحاظ سے سرگرم نظر آئیں گے۔ ان کے مجوزہ غیر ملکی دوروں میں آذربائیجان، چین، امریکا اور ملائیشیا شامل ہیں۔

اسحاق ڈار جولائی کے آغاز میں آذربائیجان کا دورہ کریں گے۔ بعد ازاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے چین روانہ ہوں گے۔
نائب وزیراعظم جولائی میں ہی اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے لیے امریکا کا بھی دورہ کریں گے۔ ماہِ جولائی میں ہی وہ آسیان ریجنل فورم میں شرکت کے لیے ملائیشیا جائیں گے۔
اس سے قبل ایک بیان میں اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو پس پردہ پاکستان کی مکمل سیاسی حمایت حاصل رہی تاکہ اسے بین الاقوامی سطح پر تنہا نہ ہونے دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ کسی بھی غلط اقدام پر خاموشی اختیار کی جائے۔

مزیدخبریں