رینجرز کیمپ پر حملے کی تفتیش میں اہم پیش رفت، گرفتار ملزم نے نیٹ ورک سے متعلق انکشافات کر دیے

11:40 AM, 29 Jun, 2026

کراچی: رینجرز کیمپ پر حملے کے الزام میں گرفتار دہشت گرد عثمان نے دورانِ تفتیش مبینہ طور پر اہم انکشافات کیے ہیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم عثمان نے بتایا کہ وہ سات روز قبل افغانستان کے علاقے جلال آباد سے پاکستان آیا تھا۔ اس کے ساتھ عبدالہادی، جانان اور عمر فاروق نامی مزید تین افراد بھی موجود تھے۔

ملزم کے مطابق انہیں ایک زیرِ تعمیر عمارت میں رکھا گیا، جبکہ حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ وزیرستان سے لایا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران عثمان نے دعویٰ کیا کہ رینجرز کیمپ پر بم حملہ جانان نے کیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم نے اپنے تعلق کا دعویٰ کالعدم تنظیم جماعت الاحرار سے کیا اور بتایا کہ افغانستان میں اسے خودکش جیکٹ تیار کرنے، دھماکا خیز مواد کے استعمال اور دیگر عسکری امور کی تربیت دی گئی۔

حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے ذریعے حملے کے دیگر کرداروں اور سہولت کاروں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

مزیدخبریں