اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا، پانی پاکستان کی لائف لائن ہے اور آبی تحفظ ملک کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کے مؤقف کو دنیا نے تسلیم کیا ہے، جبکہ بھارت کے مؤقف کو کسی بھی عالمی فورم پر پذیرائی نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ہمیشہ واضح کیا ہے کہ پانی پاکستان کی بقاء کا مسئلہ ہے اور ملک اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ مودی پاکستان میں آبی دہشت گردی کرنا چاہتا ہے، جو بھی پاکستان کے پانی پر ہاتھ ڈالے گا اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 20 سے 25 فیصد معیشت زراعت پر مبنی ہے، جبکہ 50 فیصد افراد کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے، اس لیے پانی کا تحفظ ملکی معیشت اور عوام کے مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔